نئی دہلی،30جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یکم جولائی سے نافذ ہونے جا رہے سامان اورسروس ٹیکس (جی ایس ٹی)کے جموں و کشمیر میں لاگو نہیں ہونے پر وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر واحد ریاست ہے، جس نے اب تک اس سے منسلک قانون نہیں بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم، وہ قانون منظور کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ایک نیوز چینل کے پروگرام میں ارون جیٹلی نے کہا کہ کشمیر میں حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اور عام آدمی کو یہ سمجھنا چاہئے کہ جی ایس ٹی میں پیچھے چھوٹ جانے پر ان کے لئے سنگین حالات کھڑے ہو جائیں گے۔کشمیر میں کسی کی مصنوعات کو لے جانے میں دو بار ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔سب سے پہلے، جی ایس ٹی ہوگا اور دوسرا ریاست کا اپنا ٹیکس۔اس کے سبب صارفین کے لئے قیمت کا اندازہ آپ لگا سکتے ہیں۔وہیں، جموں و کشمیر میں بننے والی مصنوعات ملک کے باقی حصوں میں پہنچانے کے لئے بھی دو بار ٹیکس دیناہو گا،لہذا، جموں و کشمیر کو بھی چاہئے کہ وہ جلد سے جلد جی ایس ٹی کو نافذ کرنے کی تیاری مکمل کر لے۔